بنگلورو، 21 جون (آئی این ایس انڈیا) پولیس اہلکاروں میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان بنگلور پولیس کے پولیس کمشنر بھاسکر راؤ نے پولیس اہلکاروں کو ایک انوکھا حکم دیا ہے۔
پولیس کمشنر (بنگلورو پولیس) نے حکم دیا ہے کہ اگر پولیس فورس کسی ملزم یا مجرم کو گرفتار کرتی ہے تو اسے تھانے لانے سے پہلے باہر ہی کہیں نہلایاجائے۔ اس کے علاوہ کسی عوامی بیت الخلا میں اس کے کپڑے بھی بدلے جائیں۔
کمشنر کا حکم بنگلورو میں 38 پولیس اہلکاروں کو کورونا مثبت پائے جانے کے بعدآیا۔ ان میں سے 2 پولیس گذشتہ چار دنوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ 350 سے زیادہ افراد اب بھی کوارنٹین میں ہیں۔ اس کے پیش نظر بھاسکر راؤ نے کہا ہے کہ جہاں بھی ممکن ہے کسی ملزم کو گرفتار کرنے سے پہلے اسے نہلائیں اور اس کے کپڑے تبدیل کریں۔
کمشنر نے حکم میں کہا ہے کہ اگر کسی کو کسی ایمرجنسی میں گرفتار کیا گیا ہے تو اسے قریب کے عوامی بیت الخلا میں لے جاکر نہایاجائے اور پھر پولیس تھانہ پہنچایاجائے۔ اس کے علاوہ تھانہ لائے گئے مشتبہ شخص کووڈ ٹیسٹ کرانے اور اس کی رپورٹ آنے تک کوئی بھی اس کے بہت قریب نہ جائے۔
کمشنر نے حکم کے بعد وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کام مشکل ہے، لیکن ہمارے پاس کورونا وائرس کے دوران اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، ہم سب کو یہ کام احتیاط سے کرنا ہے۔بتادیں کہ کرونا انفیکشن کے دوران ملک بھر میں کئی پولیس اہلکار اس بیماری سے مر چکے ہیں۔ حال ہی میں پولیس کی ایک ٹیم جو چوروں کو پکڑنے کے لئے ممبئی گئی تھی وہ کورونا وائرس سے متاثر ہوگئی۔